تحصیل باڑہ کے مختلف قبیلوں میں پینے کی پانی نایاب ہوگئی ہے ۔حکومت ہنگامی بنیادوں پر بند سرنگوں کی صفائی کر کے علاقے کے عوام اور سپیرہ ڈیم کو تباہی سے بچائیں ۔الخدمت ویلفیئر کمیٹی سپاہ

07/19/2014 23:18

باڑہ نیوز 

باڑہ سپیرہ ڈیم سے نکالی گئی نہری سرنگیں مٹی بھرنے سے بند ہو کر تحصیل باڑہ کے مختلف قبیلوں میں پینے کی پانی نایاب ہوگئی ہے ۔حکومت ہنگامی بنیادوں پر بند سرنگوں کی صفائی کر کے علاقے کے عوام اور سپیرہ ڈیم کو تباہی سے بچائیں ۔الخدمت ویلفیئر کمیٹی سپاہ نے باڑہ سپیرہ ڈیم کی نہری پانی کی بندش کے سلسلے میں شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے وفاقی حکومت کی ناکامی قرار دی ہے گزشتہ روز الخدمت ویلفیئر کمیٹی سپاہ کے رہنماؤں چیئر مین جان ولی ،جی ایس تراب علی اور دیگر درجنوں فلاحی و سماجی کارکنان اور عہدیداروں نے سپیرہ ڈیم کے مقام پر ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت ایلفیئر کے رہنماؤں نے خیبر ایجنسی کے محکمہ ایری گیشن کی جانب سے باڑہ سپیرہ ڈیم کے لئے سالانہ اے ڈی پی پروگرام میں تعمیر و مرمت کے لئے رکھا گیا 15 ملین روپے فنڈ کو فوری طور پر ریلیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ گورنر خیبر پختونخواء کے اعلانات اور احکامات کی وجہ سے باڑہ ڈیم کی فنڈ اور تعمیر ومرمت کا کام تعطل کا شکار ہو چکا ہے جس کی وجہ تحصیل باڑہ کے ہزاروں ایکڑ زمین کی نہ صرف زراعت تباہ ہو چکی ہے بلکہ علاقے میں سپیرہ ڈیم کی پانی کی بندش کی وجہ سے سپاہ ،اکاہ خیل ،شلوبر اور بر قمبر خیل میں پینے کی پانی کا شدید بحران پیدا ہوگیا ہے اور لوگ پینے کی پانی کے ایک ایک قطرے کے لئے ترس رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایری گیشن نے سپییرہ ڈیم کی دوبارہ فعالیت کے لئے جو سالانہ ڈرافٹ اے ڈی پی فنڈ منظور کیا تھا وہ فنڈ گورنر احکامات کی وجہ دوبارہ اے ڈی پی سے نکال کر ڈیم کی تباہی کا جان بوجھ منصوبہ بنایا جارہا ہے ،اور سپیرہ ڈیم کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب سے سپیرہ ڈیم تعمیر ہوا ہے اس کے بعد سے ڈیم کے زیر زمین 8000فٹ سابقہ ادوار میں کودی گئی سرنگیں مٹی کے ملبے سے بھر چکے ہیں اور محکمہ انہار خیبر ایجنسی نے اسے دوبارہ فعال بنانے کے لئے کوئی جامع حکمت عملی وضع نہیں کی جس کی وجہ سے اب ڈیم کی پانی مکمل طور پر بند ہو چکی ہے اور علاقے میں پانی کی قلت سے مال مویشی اور زرعی سرگرمیاں ختم ہو چکی ہے ۔اجلاس میں گورنر خیبر پختونخواء اور وزیر اعظم پاکستان سے سپیرہ ڈیم کو تباہی سے بچانے کی اپیل کی ہے اور ساتھ ہی محکمہ انہار خیبر ایجنسی سے سپیرہ ڈیم کے لئے دوبارہ معقول فنڈ کی منظوری کا مطالبہ کیا ہے ۔